اسٹیڈیمز

قذافی، نیشنل اور راولپنڈی اسٹیڈیمز کے ڈیزائنز کو حتمی شکل دیدی گئی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیمپئینز ٹرافی 2025کی میزبانی سے قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی انٹرنیشنل اسٹیڈیمز ڈیزائن کرنے والی دنیا کی معروف کمپنی کے دفتر پہنچ گئے۔بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی برطانیہ میں انٹرنیشنل اسٹیڈیمز ڈیزائن کرنے والی دنیا کی معروف کمپنی بی ڈی پی پیٹرن کے ہیڈ آفس پہنچے، جہاں کمپنی کے چیئرمین کرس ہارڈنگ انکا استقبال کیا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی بی ڈی پی پیٹرن کے چیئرمین، اسپورٹس ڈویژن کے سربراہ، ڈائزین ڈائریکٹر، انجینئرنگ و آرکیٹیکٹ حکام سے ملاقات کی جبکہ قذافی اسٹیڈیم، نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی اسٹیڈیم کے ڈائزین کی حتمی منظوری دی گئی،بی ڈی پی حکام نے محسن نقوی کو ڈرائنگز کے ذریعے اسٹیڈیمز کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے بارے تفصیلی بریفنگ دی، جس پر چیئرمین پی سی بی نے اطمینان کا اظہار کیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ڈائزین تیار کرنے والے انجینئرنگ و آرکیٹیکٹ اسٹاف کی کارکردگی کو سراہا، اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ اسٹیڈیمز کے تعمیراتی کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنا ایک بڑا ٹاسک ہے، ہماری پوری ٹیم اس چیلنجنگ کام کو دن رات محنت کرکے جلد پایہ تکمیل تک پہنچے،انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل تینوں اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کرائیں گے،

تاریخ میں پہلی بار اسٹیڈیمز میں اتنے بڑے پیمانے پر شائقین کرکٹ کیلئے سہولتوں کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ اس میگا پراجیکٹ کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں، اسٹیڈیمز کے ڈائزین کو عالمی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔بی ڈی پی پیٹرن دنیا کے کئی ممالک میں انٹرنیشنل معیار کے تقریبا 200چھوٹے بڑے اسٹیڈیمز ڈائزین کرچکی ہے اور اب تک ایک ہزار سے زائد ڈائزین کوالٹی ایوارڈز حاصل کرچکی ہے۔