لاہور( رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبرپختونخوا ہ اور صدر ریڈ کریسنٹ سوسائٹی خیبر پختوانخواہ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ قدرتی آفات، ہنگامی صورتحال اور نقل مکانی کے دوران پاک ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی خدمات ناقابل فراموش اور قابل ستائش ہیں، ہلالِ احمر پاکستان نے مشکل ترین حالات میں متاثرہ افراد کی مدد کر کے انسانیت کی خدمت کی شاندار مثال قائم کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دینا ناتھ مانگا منڈی میں پاک ریڈ کریسنٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پاک ریڈ کریسنٹ سوسائٹی پنجاب میاں محمد حنیف ستارہ امتیاز، جنرل سیکرٹری محبوب قادر، سہیل جہانگیر، ڈاکٹر اشرف نظامی، عابد رحمان، فرزند علی آغا سمیت فیکلٹی ممبران، ڈاکٹرز، طلبہ و طالبات اور پیرامیڈیکل سٹاف کی بڑی تعداد موجود تھی۔گورنر خیبرپختونخوا ہ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہلالِ احمر پنجاب کی خدمات قابلِ تحسین ہیں اور وہ ادارے کی انتظامیہ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے خیبرپختونخوا ہ میں قدرتی آفات کے دوران نقل مکانی کرنے والے متاثرہ افراد کی بھرپور مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ فرسٹ ایڈ سے لے کر طبی سہولیات کی فراہمی تک ہلالِ احمر نے اہم کردار ادا کیا ہے اور یہاں کے ہسپتال اور ہوسٹل میں فراہم کردہ سہولیات دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یہ ہسپتال مستقبل قریب میں 500 بستروں کا جدید طبی مرکز بن جائے گا، جس سے علاقہ کے ہزاروں افراد کو معیاری علاج میسر آئے گا۔انہوں نے ہسپتال کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں بہترین کام ہو رہا ہے اور ڈاکٹرز، اساتذہ اور پیرامیڈیکل اسٹاف عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ ہلالِ احمر کی صوبائی تنظیموں کے درمیان ہر تین ماہ بعد اجلاس منعقد کیے جائیں تاکہ ایک دوسرے کے تجربات اور خیالات سے استفادہ کیا جا سکے۔
انہوں نے مرکزی ہیڈ کوارٹرز پر زور دیا کہ وہ صوبائی تنظیموں کو گاڑیوں اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کے لیے تعاون کرے تاکہ فیلڈ میں خدمات مزید موثر بنائی جا سکیں۔گورنر خیبرپختونخوا ہ نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی اس عظیم ادارے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے اور ہلالِ احمر کی معاونت کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔تقریب کے دوران فیصل کریم کنڈی نے ہسپتال کے لیے 250 بستروں پر مشتمل نئے بلاک کا سنگِ بنیاد رکھا، جو طبی سہولیات میں نمایاں اضافہ ثابت ہوگا۔ قبل ازیں انہوں نے پاک ریڈ کریسنٹ ٹیچنگ ہسپتال میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور انہیں پھول پیش کیے، جبکہ مریضوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔بعد ازاں گورنرنے ہلالِ احمر پنجاب کی جانب سے مستحق خاندانوں میں رمضان پیکج کے تحت راشن تقسیم کیا اور کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد حکومت اور فلاحی اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹرز اور طلبہ میں سرٹیفکیٹس اور شیلڈز بھی تقسیم کیں تاکہ نوجوانوں کو مزید محنت اور خدمتِ خلق کی ترغیب مل سکے۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین پاک ریڈ کریسنٹ سوسائٹی پنجاب میاں محمد حنیف کو خیبرپختونخوا کی روایتی چادر اور ٹوپی پہنائی گئی۔اس موقع پر سانحہ اسلام آباد کے شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔








