سید یوسف رضا گیلانی 27

قائم مقام صدر سے اطالوی سفیر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے اطالوی سفیر مارلینا آرمَلّین نے یہاں ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔

بدھ کو ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان 75 سال سے زائد عرصہ پر محیط سفارتی تعلقات قائم ہیں جو دیرینہ دوستی اور اہم بین الاقوامی فورمز پر باہمی تعاون پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر اٹلی کی حمایت کو سراہا اور اطالوی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی کی حکومت 3 لاکھ سے زائد پاکستانی تارکینِ وطن کی میزبانی کررہی ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان میں مختلف اطالوی کمپنیوں کی موجودگی بالخصوص ادویہ سازی، تیل و گیس اور ریلوے کے شعبوں کا ذکر کیا اور تجارت و سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید وسعت دینے میں پاکستان کی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اٹلی جانے والے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا کے عمل کو تیز تر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور لیبر مائیگریشن پروگرام کے تحت ہنرمند کارکنوں کے کوٹے میں اضافے کی خواہش ظاہر کی جس کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت زیرِ تکمیل ہے۔ اطالوی سفیر نے کہا کہ اٹلی پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور یہ کہ پاکستان اُن ابتدائی ممالک میں شامل تھا جن کے ساتھ اٹلی نے سفارتی تعلقات قائم کیے۔

انہوں نے کہا کہ 2025 میں اٹلی نے 15,000 سے زائد پاکستانی طلبہ کو ویزے جاری کیے جنہیں اطالوی جامعات میں پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلہ ملا۔ اٹلی میں ہنرمند افرادی قوت کی کمی خصوصاً سائنسی شعبوں، آئی ٹی اور صحت کے شعبے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اطالوی ادارے پاکستانی جامعات کی جانب سے اطالوی زبان کے کورسز شروع کرنے کے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں تاکہ روزگار کے مواقع بہتر بنائے جاسکیں۔ ملاقات میں تعلیم، ماءیگریشن، تجارت اور عوام سے عوام کے روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں