سید یوسف رضا گیلانی

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکرعبد اللہ کی الوداعی ملاقات

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبد اللہ نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں الوداعی ملاقات کی۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق قائم مقام صدر نے پاکستان اور ایتھوپیا تعلقات کو فروغ دینے اور مضبوط بنانے میں سفیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایتھوپیا کے سفیر نے دونوں برادر ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور عوام کے درمیان روابط کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے گرین پاکستان انیشیٹو میں ڈاکٹر جمال بکر عبد اللہ کے تعاون اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں ان کے فعال کردار کو بھی سراہا۔

قائم مقام صدر نے سفیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے تعلقات آنے والے برسوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے ایتھوپیا کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے سپیکرز کو آئندہ ماہ اسلام آباد میں ہونے والی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لیے دعوت نامے بھی سفیر کے حوالے کیے۔ سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبد اللہ نے قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایتھوپیا سمیت پورا افریقی خطہ پاکستان کے افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ میں ان کی خدمات کا اعتراف کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان براعظم افریقہ کے لیے ایک اہم ملک ہے اور ایتھوپیا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ سفیر نے کہا کہ افریقی خطہ پاکستان کو ایک مخلص اور برادر ملک سمجھتا ہے، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ترجیح دینے میں سید یوسف رضا گیلانی کی کوششوں کو ایتھوپیا ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے عوام سے عوام کے رابطوں کو فروغ دینے میں قائم مقام صدر کے فعال کردار کو بھی سراہا۔ ڈاکٹر جمال بکر عبد اللہ نے سینیٹ آف پاکستان میں افریقہ ڈے کی تقریب اور اس موقع پر منظور ہونے والی قرارداد کو یاد کرتے ہوئے اسے ایک سنگ میل قرار دیا جسے تمام افریقی ممالک ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر بڑھتا ہوا اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایتھوپیا اس سفر میں پاکستان کا ساتھی رہے گا۔ سفیر نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہے گا اور وہ اسلام آباد میں قیام کے دوران دوستی اور مہمان نوازی کو یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر ایتھوپیا کی پارلیمانی قیادت کو کانفرنس کے دعوت نامے پہنچائیں گے۔