اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈر ی ایجوکیشن کے زیر اہتمام میٹرک کے امتحانات 27اپریل سے شروع ہو ں گے ،اڑھائی لاکھ سے زیادہ طلبا و طالبات پاکستان اور بیرون ملک قائم امتحانی مراکز میں امتحان دیں گے۔ چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم خان نے کہا ہے کہ امتحانات کے انعقاد کے لئے آئی ٹی کا استعمال شروع کیا ہے جس سے طلبا کے لئے آسانیاں پیدا ہوئی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈر ی ایجوکیشن کے زیر اہتمام نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات 27اپریل2023سے شروع ہوں گے ،ان امتحانات کے لئے پاکستان بھر میں 997امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ پریکٹیکلز کے928مراکز قائم ہیں، امتحانی مراکز میں عملے کی تعیناتیوں سے لے کر تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔
فیڈرل بورڈ کے تحت بیرون ملک بھی امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں مجموعی طور پر 38اووسیز مراکز قائم کئے گئے ہیں ان مراکز میں بھی امتحانات پاکستان کے ساتھ ہی شروع ہوں گے،فیڈرل بورڈ کے ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر دو لاکھ 55ہزار 405طلباو طالبات امتحانات میں شریک ہوں گے ۔ان طلبا کی رولنمبر سلپس فیڈرل بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی جا چکی ہیں جہاں سے ان کا پرنٹ آﺅٹ حاصل کیا جا سکتا ہے۔فیڈرل بورڈ کی جانب سے امتحانات میں آئی ٹی کا مکمل استعما ل کیا جارہا ہے ۔امتحانی مراکز میں طلبا اور عملے کی حاضری کے لئے خصوصی ایپ تیار کی گئی ہے اس طرح حاضری مکمل طور پر ڈیجیٹل ہو گی ۔
امتحانات ایس ایل او بیس ہوں گے ، میٹرک کے امتحانات 20مئی کو اختتام پذیر ہو جائیں گے۔ چیئرمین وفاقی تعلیمی بورڈ قیصر عالم خان کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ کا امتحانی نظام پورے ملک کے لئے ایک مثال ہے ،ہم نے امتحانات کے انعقاد سے لے کر مارکنگ اور نتائج کی تیاری تک پورے عمل کو مزید شفاف بنانے کے لئے آئی ٹی کا استعمال شروع کیا ہے جس سے طلبا کے لئے آسانیاں پیدا ہوئی ہیں ۔