کوئٹہ (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ حکمت عملی اور بروقت اقدامات نے پورے خطے کو ایک ممکنہ بڑی تباہی سے محفوظ رکھا ہے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی پر قومی قیادت، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور سیز فائر کے قیام میں مؤثر اور فیصلہ کن کردار ادا کیا، پاکستان کی مدبرانہ قومی قیادت نے ملک کی سفارتی ساکھ کو عالمی سطح پر مزید مستحکم کیا۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی متوازن اور فعال سفارت کاری نے عالمی برادری کو مثبت پیغام دیا کہ امن ہی ہماری اولین ترجیح ہے، اور یہ کامیابی مستقل قیامِ امن کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔
سرفراز بگٹی کے مطابق ان کوششوں کے نتیجے میں جلد مکمل جنگ بندی اور پائیدار امن کی امید ہے، جبکہ یہ کامیابی پاکستان کے مؤثر بیانیے، دانشمندانہ فیصلوں اور عالمی اعتماد کا مظہر بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششیں قابل تقلید مثال بن چکی ہیں اور مستقبل میں بھی سفارتی کاوشیں تنازعات کے پُرامن حل کی راہ ہموار کریں گی۔









