اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے لکی مروت کے قبائلی سب ڈویژن میں پولیس گاڑی پر ہونے والے آئی ای ڈی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں ملک میں امن کے قیام کے لیے ناقابل فراموش ہیں،پولیس اور سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رہے گی۔اپنے ایک بیان میں گورنر نے دھماکے میں ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں ملک میں امن کے قیام کے لیے ناقابل فراموش ہیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر ایسے بزدلانہ حملوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے زخمی اہلکار کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔









