لاہور(ر پورٹنگ آن لائن) نامور اداکار ومیزبان فہد مصطفی نے سابق کرکٹ کپتان وبالنگ کوچ وقار یونس کے بیان پرتنقید کرنے والے بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے کوآڑے ہاتھوں لے لیا، ہرشا نے وقار سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران محمد رضوان نے دوران کھیل ہی گرائونڈ میں نماز ادا کی تھی، پاکستان کی تاریخی فتح کے بعد کاشف عباسی کے شومیں بطور مہمان شریک وقار یونس نے اس حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ میچ کی سب سے اچھی بات جو رضوان نے کی کہ اس نے گرائونڈ میں ہندوں کے بیچ میں کھڑے ہو کرنمازپڑھی، میرے لیے یہ بہت سپیشل تھا۔وقار یونس کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ہرشا بھوگلے نے کہاکہ وقارکے الفاظ سننے میں انتہائی بھیانک تھے۔
ہرشا کے مطابق کرکٹرز اپنے کھیل کے برانڈ ایمبیسیڈر ہیں اس لیے انہیں زیادہ ذمہ دار ہونا چاہیے۔اس تبصرے کو ری ٹویٹ کرنے والے پاکستانی اداکارفہد مصطفی نے بھارتی کمنٹیٹرکوتصویرکا دوسرا رخ دکھاتے ہوئے بالی ووڈ میں مسلمانوں کی منفی منظرکشی کی جانب توجہ دلائی۔فہد نے اپنے جواب میں لکھا یہ دیکھنا بھی اتنا ہی مشکل ہے کہ طویل عرصے سے بالی ووڈ کی تقریباً ہرفلم میں مسلمانوں کو دہشتگرد کے طور پرپیش کیا جائے۔ میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کے لیے یہ کتنا مشکل اورباعث شرمندگی ہوگا کہ وہ اس طرح سے اپنا مذاق اڑتے ہوئے دیکھیں۔اداکار نے اپنی ٹویٹ میں ہیش ٹیگ کے ساتھ منافقت بند کرو بھی لکھا۔