لندن (رپورٹنگ آن لائن) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر میٹ پارکنسن فٹنس مسائل کے باعث آئرلینڈ کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
انگلینڈ اور آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز (کل) جمعرات سے شروع ہوگی۔ میٹ پارکنسن انگلینڈ کے ون ڈے ٹریننگ گروپ میں نامزد تھے۔ گزشتہ روز میٹ پارکنسن کو فیلڈنگ پریکٹس کرتے ہوئے ٹخنے میں موچ آگئی جس کی وجہ سے انکو شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔ ڈومیسٹک سرکٹ میں لنکاشائر کو جوائن کرنے والے میٹ پارکنسن نے رواں سال کے شروع میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے ون ڈے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
انہوں نے نومبر 2019ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف دو میچز میں پانچ وکٹیں حاصل کرکے انگلینڈ کے لئے مختصر ترین فارمیٹ میں بھی ڈیبیو کیا تھا۔