اسلام آباد (ر پورٹنگ آن لائن) رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران فوجی فرٹیلائزر کمپنی (ایف ایف سی) کے
منافع میں 18 فیصد کمی ہوئی ہے، یوریا کھاد کی قیمت میں کمی اور ڈی اے پی کھاد کی فروخت کم ہونے سے کمپنی کے منافع
میں کمی ہوئی ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے کمپنی کے نوٹس کے مطابق گذشتہ سال میں اپریل تا جون 2019ء کے
دوران ایف ایف سی کو 6.7 ارب روپے منافع ہوا تھا جبکہ اپریل تا جون 2020ء کیلئے کمپنی کا منافع 5.5 ارب روپے تک
کم ہو گیا۔ اس طرح گذشتہ سال کی دوسری سہ ماہی کے مقابلہ میں رواں سال کے اسی عرصہ کے دوران ایف ایف سی
کے منافع میں 1.2 ارب روپے یعنی 18 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اپریل تا جون 2019ء کے دوران
کمپنی کی فی حصص آمدن 5.29 روپے رہی تھی جو اپریل تا جون 2020ء کیلئے 4.32 روپے تک کم ہو گئی۔ کمپنی نے اپنے
حصہ داروں کیلئے 2.75 روپے کے وسط مدتی کیش ڈیوڈنڈ کا اعلان کیا ہے جس کے بعد سال 2020ء کی پہلی ششماہی کیلئے ایف
ایف سی کی جانب سے اپنے حصہ داروں کو دیئے گئے کیش ڈیوڈنڈ کی مالیت 5.25 روپے فی حصص رہی ہے۔