ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ سپر اسٹار اداکار فواد خان فلم عبیر گلال کے ساتھ 9 برس بعد بالی ووڈ میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔اداکار نے 9 برس کے بعد واپسی کے ساتھ ہی اپنا معاوضہ 3 گنا بڑھا دیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم عبیر گلال 9 مئی کو ریلیز ہو گی جس میں فواد خان اداکارہ وانی کپور کے ساتھ رومانوی کردار میں دکھائی دیں گے۔بھارتی ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے باوجود فلم کے ٹیزر کے بعد پہلا رومانوی گانا عشق خدایا بھی ریلیز ہو گیا ہے جسے اریجیت سنگھ اور شلپا را کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس فلم کی ریلیز کے حوالے سے موصول ہونے والی دھمکیوں کے باوجود بالی ووڈ اسٹارز پاکستانی فنکاروں کی حمایت میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں ایسے میں فواد خان کے فلم کے لیے وصول کیے جانے والے معاوضے سے متعلق بھی خبریں گردش کر رہی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فواد خان نے اپنی مقبولیت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بالی ووڈ میں 9 برس بعد واپسی کے ساتھ ہی اپنا معاوضہ 3 گنا بڑھا دیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فواد خان پاکستانی ڈراموں میں فی قسط 15 سے 20 لاکھ روپے تک وصول کرتے ہیں جبکہ فلم کا معاوضہ عام طور پر 2 کروڑ روپے تک وصول کرتے رہے ہیں۔میڈیا ذرائع کے مطابق فواد خان مبینہ طور پر عبیر گلال میں اپنے کردار کے لیے 50 سے 100 ملین یعنی 5 سے 10 کروڑ روپے بطور معاوضہ لے رہے ہیں.
اس کے مقابلے میں ان کی ساتھی اداکارہ وانی کپور مبینہ طور پر اس فلم کے لیے تقریبا ڈیڑھ کروڑ روپے وصول کر رہی ہیں۔واضح رہے کہ فلم عبیر گلال کی مرکزی کاسٹ کے معاوضے سے متعلق زیرِ گردش خبروں پر فلم کی ٹیم کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی دونوں اداکاروں نے اس کی تردید یا تصدیق کی ہے۔
عبیر گلال کی ہدایت کاری کے فرائض آرتی ایس بگدی نے انجام دیے ہیں اور اس کی شوٹنگ لندن کے دلکش پس منظر میں کی گئی ہے۔یہ فلم 9 مئی 2025 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔اس سے قبل فواد خان آخری بار 2016 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم کپور اینڈ سنز میں نظر آئے تھے۔