جنت مرزا

فلم کرنے سے قبل سید نور کو نہیں پہچانتی تھی، جنت مرزا

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)ٹک ٹاکرجنت مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ فلم کی آفر سے قبل سید نور کو نہیں پہچانتی تھی،منیجر کی کال آئی تو پہلا سوال یہ ہی تھا کون سید نور؟

فلم شوٹنگ کے دوران سید نور نے بالکل باپ کی طرح خیال رکھا ،صائمہ نے بھی بہت رہنمائی اور مدد کی۔ نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے ٹک ٹاکر جنت مرزا نے ایکٹنگ کیرئیر بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب پہلی فلم کی آفر ہوئی تو اس وقت سید نور کو نہیں پہچانتی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ پہلی بار فلم کی آفر کیلئے کال آئی تو منیجراظہر نے فون پکڑایا، دوسری جانب سے کہا گیا میں سید نور بات کر رہا ہوں، جانتی ہو مجھے، تو میں نے انکار کیا اور کہا کہ کون سید نور؟جس پر ہدایت کار سید نور نے کہا کہ فون بند کرکے میرا نام گوگل کرو پھر بات کرتے ہیں۔جنت مرزا نے کہا کہ جب میں نے سرچ کیا تو پتہ چلا کہ وہ فلم انڈسٹری کے نامور ہدایت کار ہیں جن کے کریڈٹ پر چوڑیاں سمیت کئی سپرہٹ فلمیں ہیں جب میں نے اپنے والدین سے ان کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے بھی بتایا کہ وہ لالی ووڈ کے مشہور ہدایت کار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سرچ کرنے کے بعد میں نے فون کر کے معذرت کی۔سید نور نے مجھے فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی لیکن مجھے معلوم تھا والدین منع کر دیں گے، پھر بھی میں نے والدین سے بات کی، منع کرنے پر میں نے سید نور سے معذرت کی جس پر انہوں نے کہا کہ وہ اور صائمہ خود ان کے والدین سے ملنے گھر آئیں گے۔

ٹک ٹاکر نے بتایا کہ اس کے بعد سید نور اور صائمہ جی ہمارے گھر آئے اور ان کے والدین سے اجازت لی ، ان کی یقین دہانی کے بعد مجھے اجازت مل گئی۔انہوں نے بتایا کہ دوران شوٹنگ سید نور نے بالکل باپ کی طرح خیال رکھا جب کہ صائمہ نے بھی ان کی بہت رہنمائی اور مدد کی۔