لاہور( رپورٹنگ آن لائن)نامور گلوکارہ سائرہ نسیم نے کہا ہے کہ مشکلات کسی بھی انسان کی زندگی کاحصہ ہیں اور ان سے گھبرانانہیں چاہیے ،میرے بچے بڑے ہو کر جس شعبے میں جانا چاہیں یہ ان کی اپنی صوابدید پر ہے لیکن میں انہیں اپنے تجربے کی بنیاد پر مشاورت ضرور دوں گی۔ ایک انٹر ویو میں سائرہ نسیم نے کہاکہ ایک وقت تھا جب ہماری انڈسٹری کو عروج حاصل تھااور اس سے جڑے ہوئے لوگوں کی زندگیوں میں بھی آسودگی اور خوشحالی تھی اور جیسے جیسے فلم انڈسٹری میں زوال نے ڈیرے ڈالے تو لامحالہ اس کے اثرات سے کوئی بھی محفوظ نہیں رہ سکا۔
انہوںنے کہا کہ انسان کو آگے بڑھنے کیلئے جستجو کرتے رہنی چاہیے کیونکہ اس میں سے ہی مستقبل کے راستے نکلتے ہیں۔جو لوگ انڈسٹری سے رزق کما رہے تھے انہوںنے حالات خراب ہونے پر اس کے ساتھ روزگار کے نئے ذریعے بھی تلاش کئے ہیں اور کامیاب رہے ۔