لاہور (ر پورٹنگ آن لائن) فلمسٹار شان شاہد نے کہا ہے کہ حکومت فلم انڈسٹری کی بحالی اور ترقی کے لئے ٹیکس میں معافی دے۔ ایک انٹرویو میں شان شاہد نے کہا کہ پاکستان میں فلم پروڈیوسرز اور اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کی قلت ہے ۔ انہوں نے حکومت کو تجویز دی کہ جس طرح وہ دیگر شعبوں کے کاروباری افراد کے لیے ٹیکس چھوٹ کا اعلان کرتی ہے، اسی طرح شوبز کے لیے بھی کرے۔
شان شاہد نے تجویز دی کہ حکومت اعلان کرے کہ فلم پروڈیوسر سال میں 10 یا 15 فلمیں بنائیں تو انہیں ٹیکس معاف کیا جائے گا تو فلمیں بننا شروع ہوں گی اور کاروبار بھی ہوگا۔ ایک سوال پر شان نے بتایا کہ وہ فلمی ایوارڈز کے معاملے پر ایک شارٹ اسٹوری بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور جلد ہی اس پر کام شروع کردیں گے۔