عظمی بخاری 45

فلمی ڈائیلاگ مارنے ،ہوا میں تیر چلانے سے تحریکیں نہیں چلتیں ‘عظمیٰ بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ فلمی ڈائیلاگ مارنے اور ہوا میں تیر چلانے سے تحریکیں نہیں چلتیں ،اڈیالہ کا مستقل رہائشی جیل میں فرسٹریشن کا شکار ہوچکا ہے،انتشار کی سیاست کی وجہ سے اسکے اپنے بھی ساتھ چھوڑ گئے ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ الیکٹرک بسیں سردی میں عوام کے لیے نعمت ثابت ہورہی ہیں،پنجاب کے دور دراز علاقوں میں عوام سستی اور لگژری سفری سہولت سے مستفید ہورہے ہیں، پنجاب کا عام آدمی مریم نواز کو اس لگژری سفری سہولت پر دعائیں دے رہا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کا ہر منصوبہ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے ہے، ماضی قریب میں پنجاب کے عوام کو بزدار اور گوگی جیسے لوگوں نے جھانسہ دیا ،پنجاب میں دوبارہ عوام کی نمائندہ حکومت آئی ہے تو ترقی اور خوشحالی بھی واپس آئی ہے،پنجاب میں اب ہر ضلعے میں یکساں ترقیاتی کام ہورہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کا منشور ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہے ،جو اسٹریٹ موومنٹ چلانے آئے تھے وہ آج تحفظ کرسی موومنٹ کی فکر میں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فلمی ڈائیلاگ مارنے اور ہوا میں تیر چلانے سے تحریکیں نہیں چلتیں،اڈیالہ کا مستقل رہائشی جیل میں فرسٹریشن کا شکار ہوچکا ہے،اسکی انتشار کی سیاست کی وجہ سے اسکے اپنے بھی ساتھ چھوڑ گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں