غزہ /واشنگٹن( رپورٹنگ آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فلسطینی اس وقت لیڈر کے بغیر ہیں، محمود عباس بزرگ ضرور ہیں لیڈر نہیں۔
امریکہ کے صدر ٹرمپ نے ٹائم سے گفتگو میں کہا محمود عباس فلسطینیوں میں ایک بزرگ کی حیثیت رکھتے ہیں مگر فلسطینیوں کے پاس آج کل کوئی لیڈر نہیں ہے، جو بعد از غزہ جنگ کے منظر نامے میں فلسطینیوں کی قیادت کر سکتا ہو۔صدر ٹرمپ نے اس تناظر میں فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کا ذکر کرتے ہوئے کہا میں محمود عباس سے کافی عرصے سے مل رہا ہوں وہ ایک معقول آدمی ہیں مگر وہ ایسا ممکنہ لیڈر نہیں جس کی فلسطینیوں کو ضرورت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا محمود عباس بعد از غزہ جنگ بننے والی حکومت میں شامل کیے جا سکتے ہیں مگر ان کی وجہ سے فلسطین کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ سازی میں دیر ہونے کا خطرہ رہے گا۔تاہم امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے میں یہ رائے سازی میں ذرا جلدی کر رہا ہوں مگر چند نکات ایسے ہیں جن کی وجہ سے میں محمود سے متعلق یہ رائے رکھتا ہوں۔
صدر ٹرمپ نے اس موقع پر اسرائیلی قید میں موجود فلسطینی رہنما مروان البرغوثی کا معاملہ بھی اٹھایا جو ممکنہ طور پر فلسطینیوں کی صدارت کے لیے موزوں ہو سکتا ہے۔مگر وہ 2002 سے اسرائیلی جیل میں قید ہیں، انہیں دوسری انتفاضہ میں کردار کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تھا اور آج بھی بہت سے فلسطینیوں کے نزدیک مزاحمت کی علامت مانے جاتے ہیں۔