فلسطینی اتھارٹی

فلسطینی اتھارٹی پر عائد پابندیاں ہٹائی جائیں، پاکستان سمیت 40 ممالک کا اسرائیل سے مطالبہ

مقبوضہ بیت المقدس (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان سمیت 40 کے قریب ممالک نے اسرائیل سے فلسطینی اتھارٹی پر عائد پابندی ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 30 دسمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی جس میں فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کے معاملے پر عالمی عدالت انصاف سے رائے طلب کی گئی،اس بیان پر الجزائر، ارجنٹائن، بیلجیم، آئرلینڈ، پاکستان اور جنوبی افریقہ سمیت ان تمام ممالک کے دستخط ہیں جنہوں نے اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا، تاہم جاپان، فرانس اور جنوبی کوریا وغیرہ نے اس قرارداد پر رائے دینے سے پرہیز کیا جبکہ جرمنی اور ایسٹونیا نے قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا۔اقوام متحدہ میں فلسطینی سفیر ریاض منصور نے ایک بیان میں کہا کہ یہ پیش رفت اہم ہے کیونکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ممالک نے جیسے چاہے ووٹ دیا ہو لیکن وہ ان تعزیراتی اقدامات کو مشترکہ طور مسترد کرتے ہیں۔

ترجمان سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے انتونیو گوتیرس کی فلسطینی اتھارٹی کے خلاف حالیہ اسرائیلی اقدامات کے بارے میں گہری تشویش کا اعادہ کرتے ہوئے زور دیا کہ عالمی عدالت انصاف کے حوالے سے کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہونی چاہیے۔مسئلہ فلسطین پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج منعقد ہوگا۔اسرائیلی وزیر کے دورہ مسجد اقصیٰ کے بعد رواں ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا گزشتہ اجلاس اسرائیلی اور فلسطینی سفارت کاروں کے درمیان سخت جملوں کے تبادلے کی نذر ہوگیا تھا۔