ریاض منصور

فلسطینیوں کا حق ہے کہ وہ اپنی سرزمین کی تعمیر نو کریں اور حکومت بنائیں، ریاض منصور

اقوام متحدہ(رپورٹنگ آن لائن)اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل نمائندے ریاض منصور نے غزہ سے فلسطینیوں کو نکال کر اردن اور مصر بھیجنے کی کسی بھی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے اس موقف کو دہرایا ہے کہ یہ فلسطینیوں کا حق ہے کہ وہ اپنی سرزمین کی تعمیر نو کریں اور حکومت بنائیں۔

عرب ٹی وی کے مطابق انہوں نے عرب نیوز کے کرنٹ افیئرز کے پروگرامفرینکلی سپیکنگ میں انٹرویو کے دوران فلسطین کی خودمختاری کے لیے سعودی عرب کی حمایت کو سراہتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو پر جنگی جرائم کا الزام عائد اور غزہ کے مستقبل کے حوالے سے فلسطینی اتھارٹی کے کردار کا خاکہ بھی پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی اور معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے ان کا موقف بہت مضبوط ہے،دو ریاستی حل کے علاوہ کوئی اور حل موجود نہیں ۔

ریاض منصور نے سعودی عرب کے مضبوط اور واضح موقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم سعودی عرب میں اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، ہم ایک پیج پر ہیں کہ فلسطینی عوام کے حقوق کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے عرب پیس انیشیٹیو پر بھی روشنی ڈالی جو فلسطینی ریاست کے حوالے سے سب سے پہلے 2002 میں تجویز کیا گیاتھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب کے اصولی اور انتہائی طاقتور موقف کو سراہتے ہیں،مجھے یقین ہے کہ عرب ممالک فلسطین کے حوالے سے سعودی عرب کے ساتھ ہیں تاکہ ان قوتوں کو پیچھے ہٹایا جائے جو فلسطینیوں کی قومی امنگوں کو ختم کرنا چا ہتی ہیں۔

انہوں نے قانونی اور اخلاقی لحاظ سے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی جوابدہی بارے کہا کہ وہ عالمی سطح پر بین الاقوامی عدالت انصاف کو مطلوب مجرم ہیں، جنگی جرائم پر ان کی گرفتاری کا وارنٹ جاری ہو چکا ہے اور انہیں بین الاقوامی فوجداری عدالت کے کٹہرے میں جانا پڑے گا۔