محمد یوسف

فریضہ حج سے محروم رہ جانے والے 63 ہزار عازمین کو آئندہ سال ترجیح دی جائے گی، وفاقی وزیر مذہبی امور

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر مذہی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ نجی حج سکیم کے فریضہ حج سے محروم رہ جانے والے 63 ہزار عازمین کے 365 ملین ریال سعودی عرب میں پڑے ہیں، نجی حج ٹورآپریٹرز کی تنظیم چاہتی ہے کہ جو افراد گذشتہ سال حج کی سعادت سے محروم رہ گئے ہیں ان کو آئندہ سال ترجیح دی جائے، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ان عازمین کو اگلے سال ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں کیا جو پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں کمیٹی کے چیئرمین ملک عامر ڈوگر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان سمیت متعلقہ سرکاری حکام نے شرکت کی۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ پچھلے سال کی طرح اگلے سال بھی حج فیس قسطوں میں جمع کرانے کی سہولت کی تجویز شامل ہے۔

کمیٹی کے رکن مجاہد علی نے کہا کہ محرم کی شرط دین میں موجود ہے، اسے کیسے ختم کیا جا سکتاہے۔ وزارت مذہبی امور کے حکام نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ بحری جہاز کے ذریعے سفر حج کی تجویز پر غور کر رہے ہیںِ، حج سستا کرنے کیلئے بحری جہاز کے ذریعے حج کرانے کی کوشش ہے، ایک تجویز یہ بھی آ رہی ہے کہ حاجیوں کی رہائش کیلئے اگر پرتعیش عمارتیں حاصل نہ کی جائیں تو حج اور بھی سستا ہو سکتا ہے۔ کمیٹی کے چیئرمین ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ بلوچستان میں جو حالیہ واقعہ ہوا ہے اس سے بچنے کیلئے زائرین کو لازمی سہولت دی جائے۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے بتایا گیا کہ وزیر داخلہ اور سیکرٹری مذہبی امور ان دنوں تہران میں ہیں، بحری جہاز کے ذریعے حج کرانے کا ممکنہ حل زیر غور ہے۔ وزارت قانون کے حکام نے بتایا کہ قومی اقلیتی کمیشن بل 2025ء منظور ہو چکا ہے، جلد ہی اس بل پر صدر مملکت دستخط کر دیں گے۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے بتایا گیا کہ ربیع الاول میں ارکان قومی اسمبلی کا وفد سعودی عرب جاتا ہے.

ارکان اپنا ٹکٹ خود ادا کرتے ہیںِ، رہائش اور دیگر سہولیات وزارت مذہبی امور فراہم کرتی ہے۔ قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے آئندہ اجلاس میں بھارت، بنگلہ دیش، ایران سمیت پاکستان کے قریبی ممالک کے حج اخراجات پر تقابلی بریفنگ طلب کر لی اور متروکہ وقف املاک پر اگلے اجلاس میں وزارت مذہبی امور کو تفصیلی بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔