اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مطابق ملک میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ یا، جو معاشی سرگرمیوں میں تیزی کا اشارہ ہے۔
کمیشن کے مطابق فروری کے مہینے میں 3 ہزار 444 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جس کے بعد پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 87 ہزار 49 ہو گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 82 نئی کمپنیوں میں غیر ملکی شراکت داری بھی شامل ہے، جن میں چین کی 44 کمپنیوں نے ڈائریکٹر شپ حاصل کی، اس کے علاوہ امریکہ، برطانیہ، جرمنی اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں نے بھی نئی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی۔
ایس ای سی پی کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں نے مائننگ، ٹریڈنگ اور آئی ٹی سیکٹرز میں کمپنیوں کی رجسٹریشن کروائی، صوبوں کے لحاظ سے پنجاب میں 1,696، اسلام آباد میں 656 اور سندھ میں 555 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔
شعبہ وار جائزے کے مطابق آئی ٹی اور ای کامرس کے شعبے میں 723 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جبکہ ٹریڈنگ میں 531، سروسز میں 434 اور رئیل سٹیٹ میں 323 نئی کمپنیاں قائم کی گئیں۔
اس کے علاوہ مائننگ، ٹیکسٹائل، تعلیم، صحت، کھیلوں کے سامان، کیبلز اور الیکٹرک گڈز کے شعبوں میں بھی نئی کمپنیاں رجسٹر کی گئی ہیں۔









