لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)نامورکامیڈین اداکار امانت چن نے کہا ہے کہ فحاشی کو اسٹیج کے لئے زہر قاتل سمجھتا ہوں ،کوئی بھی کام اپنی حدود میں اچھا لگتا ہے اور جب یہ حد سے باہر نکل جائے تو اسے تجاوز کہتے ہیں اور یہ پھر پکڑکے زمرے میں آتا ہے، ساتھی فنکار کس طرح کی جگتیں لگاتے ہیںمجھے اس سے سروکار نہیںمجھے یہ پتہ ہے کہ میں نے اپنے منہ سے ایسے کوئی الفاظ ادانہیں کرنے جو فیملی میں بیٹھ کر ڈرامہ دیکھنے والوں کیلئے سبکی کاباعث نہ بنیں۔
ایک انٹرویو میں امانت چن نے کہا کہ اسٹیج بڑاموثر پلیٹ فارم ہے لیکن بد قسمتی سے اس سے اس طرح استفادہ نہیں کیا گیا جس کی ضرورت تھی ۔میں سمجھتا ہوںکہ اگر آپ اصلاح کی نیت سے کام کر رہے ہیں اور 100میں سے ایک شخص بھی اس پر عمل کرتا ہے تو آپ کامیاب ہو گئے کیونکہ آپ کی سوچ ایک شخص تک محدودنہیں رہے گی،
بلکہ اس شخص کے حلقہ احباب میں موجود بہت سے لوگ اس کی پیروی کرنے والے ہوںگے جو آپ کے کام کو آگے بڑھاتے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرا یہی مطالبہ ہے کہ حکومت معیاری تعلیم پر توجہ دے اور غریب کے بچے کیلئے تعلیم کا حصول آسا ن بنایا جائے ۔