مولانا فضل الرحمان

فا رن فنڈنگ کیس کی سیکیورٹنی کمیٹی کی رپوٹ ہم سب کے لئے چشم کشا ہے،مولانا فضل الرحمان

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ فا رن فنڈنگ کیس کی سیکیورٹنی کمیٹی کی رپوٹ ہم سب کے لئے چشم کشا ہے،رپورٹ میں فنڈنگ میں خردبرد کے اشارے انتہائی خطرناک رجحانات کی نشاندہی کرتے ہیں،پہلے اس اہم مقدمہ کو نمٹانے میں غیرمعمولی تاخیر نے کئی شکوک و شبہات پیدا کئے،ملکی اداروں کو بھی قومی سلامتی کو درپیش خطرات بارے سنجیدگی سے سوچنا چاہئے۔

بدھ کو پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی کے مرکزی رہنماں اسلم غوری، مولانا امجد خان، مولانا راشد محمود سومرو اور مفتی ابرار احمد خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کی سیکیورٹنی کمیٹی کی رپوٹ ہم سب کے لئے چشم کشا ہے۔ عمران خان نے الیکشن کمیشن سے ان 53 اکاونٹس کو چھپایا جن میں بیرون ممالک سے کئی مشتبہ اداروں اور افراد کی طرف سے پی ٹی آئی کو فنڈنگ کی جا رہی تھی۔رپورٹ میں اس فنڈنگ میں خردبرد کے اشارے بھی انتہائی خطرناک رجحانات کی نشاندہی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن غیرملکی قوتوں نے پی ٹی آئی کو بھاری مالی معاونت دی عمران اب انہی قوتوں کے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہے۔پہلے اس اہم مقدمہ کو نمٹانے میں غیرمعمولی تاخیر نے کئی شکوک و شبہات پیدا کئے۔ اب گہرائی میں کی گئی تحقیق کے بعد ثابت ہو گیا کہ پی ٹی آئی کے اساسی رکن اکبر ایس بابر کے الزامات درست تھے۔ہم پی ٹی آئی کے اکبر ایس بابر کی حب الوطنی اور ثابت قدمی کے معترف ہیں۔

جنہوں نے اپنے ملک سے وفاداری اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کی درست رہنمائی کا فریضہ نہایت دلیری اور جانفشانی سے ادا کیا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وقت نے ہمارے موقف کو درست ثابت کر دیا کہ عمران خان عالمی طاقتوں کا مہرہ ہے۔انسے ملکی سلامتی اور مسلم قوم کے مفادات سے کوئی سروکار نہیں۔ان کا ساڑھے تین سالہ دور اس قوم کے مستقبل پہ تباہ کن اثرات ڈال گیا۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اب سوال یہ ہے کہ ملکی اداروں کو بھی قومی سلامتی کو درپیش خطرات بارے سنجیدگی سے سوچنا چاہئے۔قوم کو بتایا جائے مغرب و مشرق کے کن افراد اور کن تنظیموں نے پی ٹی آئی کو مالی مدد دیکر کون کون سے مقاصد حاصل کئے۔