ڈی آئی خان (رپورٹنگ آن لائن)جمعیت علمائے اسلام اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ فاٹا کا صوبے میں انضمام قبائلیوں کے گلے پڑ گیا ہے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان جغرافیائی لحاظ سے خاص اہمیت اختیار کر گیا ہے،سابق دورِ حکومت میں معیشت تباہی کی طرف گئی ، عمران خان کے دور میں ترقیاتی منصوبے روک دیے گئے،
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوئی، پاکستان کو اس وقت بیرونی امداد کی ضرورت ہے، معیشت کی تباہی کا ایجنڈا لانے والے مایوس ہو چکے ہیں، ہمیں معیشت کی ترقی کے لیے خود اعتمادی کے ساتھ پالیسی بنانا ہو گی،مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسرائیل کبھی پاکستان کا خیر خواہ نہیں ہو سکتا، سود کے خاتمے کے لیے اقدامات پر حکومت کا شکریہ ادا کرتا اور مبارک باد دیتا ہوں،
انہوں نے کہا کہ فاٹا کو وعدے کے مطابق سو ارب روپے 10سال تک سالانہ ملنے تھے، 5سال گزر گئے، مگر سو ارب روپے کا ہدف پورا نہیں کیا گیا،سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ فاٹا کے مکین مہاجر بنے ان کے گھر تباہ ہوئے، جو اب تک بحال نہیں ہو سکے، فاٹا کا انفرا اسٹرکچر تباہ ہو گیا، وہاں سڑکیں، کالج، یونی ورسٹی بھی نہیں بنی،مولانا فضل الرحمن نے مطالبہ کیا کہ اس علاقے کے لیے انٹرنیشنل کارگو ایئر پورٹ بنایا جائے، یہاں انڈسٹریل پارک کے لیے جگہ مختص کی جائے، زرعی طور پر یہ علاقہ بہت زرخیز ہے، یہاں زراعت پر مبنی انڈسٹری قائم کی جائے۔