کراچی /لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)فاسٹ باؤلر محمد حسنین سمیت کراچی سے پانچ افراد ابوظہبی پہنچ گئے ،کراچی سے سرفراز احمد اور لاہور کے تمام دس افراد کو ابوظہبی کے سفر کے لیے کلیئرنس نہ مل سکی،ان تمام افراد نے بذریعہ کمرشل فلائیٹس اتوار کی صبح چار بجے کے قریب ابوظہبی روانہ ہونا تھا،ابوظہبی اسپورٹس کونسل نے پاکستان سے 16 افراد کی یو اے ای روانگی کے لیے پی سی بی کو خصوصی اجازت دلوائی تھی،تمام افراد نے کلیئرنس کے لیے پی سی بی کا ابوظہبی اسپورٹس کونسل سے رابطہ کیا ۔ پی سی بی کے مطابق ان افراد کی جلد یو اے ای روانگی کے لیے پی سی بی متبادل آپشنز زیر غور ہے ۔
دوسری جانب روانگی کے ارادے سے لاہور ائیر پورٹ پہنچنے والے تمام 10 افراد کو بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ سفر نہیں کر سکے، ذرائع کے مطابق سفر کی اجازت نہ ملنے کے بعد ہونے والی تضحیک پر سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد نے قدرے برہمی کا اظہار کیا اور پی سی بی کے متعلقہ ذمہ داران پر برس پڑے تاہم معاملہ کی نزاکت جانتے ہوئے فرنچائز کے اونر ندیم عمر نے صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا لیکن ملک اور قوم کو بدنامی سے بچانے کے لیے احتجاج سے گریز کرنے کا فیصلہ کیا۔ذرائع کے مطابق فرنچائز نے ملک کی عزت اور ناموس کی خاطر کسی احتجاج سے اجتناب برتنے سے گریز کیا تاہم اس واقعے کو پی سی بی کے متعلقہ زمہ داران کی نااہلی قرار دیا ہے، کرکٹ کے حلقوں نے بھی پی سی بی حکام کی مسلسل کوتاہیوں کی وجہ سے ہونے والی جگہ ہنسائی کو افسوسناک قرار دیا ہے، کرکٹ حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داران کا تعین کرکے ان کے خلاف کروائی عمل میں لائی جائے۔