میاں تنویر سرور۔
پراپراٹی ٹیکس کی تشخیص کم کرکے مال روڈ لاہور پر واقع دو فائیو سٹار ہوٹلوں کو سالانہ کروڑوں روپے کی چھوٹ دیئے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پراپرٹی ٹیکس زون 4 لاہور کے سرکل مال روڈ پر کئی برسوں سے تعینات انسپکٹر طارق حسین نے مبینہ طورپر مال روڈ پر واقعہ دونوں فائیو سٹار ہوٹلوں کی ٹیکس وصولی کے حوالے سے کم تشخیص کرکے خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا اور ای ٹی او آفس میں کام کرنے والے ہشام نامی پرائیویٹ شخص کے ذریعے ساز باز کرکے ان ہوٹلوں سے کم پراپرٹی ٹیکس وصول کیا۔
ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر سالانہ بھاری رشوت کے عوض دونوں ہوٹلوں کی سال 15-2014 سے غلط تشخیص کرتے ہوئے دونوں ہوٹلوں میں کمروں کی کلاسز کی بجائے ایک ہی کیٹیگری لگائی اور ٹیکس کا ایک ہی ریٹ رکھا اور قومی خزانے کو فی کس ایک کروڑ روپے سے زائد کا سالانہ نقصان پہنچایا گیا یے۔
یہ چوری یونہی چھپی رہتی اگر آڈٹ ٹیم اسے بے نقاب کرتے ہوئے 9 کروڑ 30 لاکھ 88 ہزار روپے کا ریونیو نقصان سامنے نہ لاتی۔
بتایا گیا ہے کہ آڈٹ ٹیم نے 26 دسمبر 2022 کو دونوں ہوٹلوں کی نئے سرے سے پراپرٹی ٹیکس کے لئے تشخیص کرنے کی ہدایات جڑی کی تھیں تاہم سرکل انسپکٹر نے تاحال اس سلسلے میں کسی قسم کی کاروائی شروع کی ہے نہ ہی ہوٹلوں کی انتظامیہ کو نوٹسز جاری کئے ہیں۔