وزیر منصوبہ بندی

غیر منصفانہ نظام کو فروغ دینے والے مخصوص رویوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، احسن اقبال

اسلام آباد ( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ غیر منصفانہ نظام کو فروغ دینے والے مخصوص رویوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پیر کو قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کارکنوں نے قومی املاک کو نذر آتش کیا،جناح ہاؤس ،کورکمانڈر ہاؤس اور ریڈیو سٹیشن پشاور کو جلا دیا گیا۔

انہوں نے کہا ہ چند ججوں کے جزوی فیصلوں پر اعلیٰ عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس سے تنازعہ کھڑا ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ذاتی فائدے کے لیے 60 ارب روپے کا غبن کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ مخصوص طرح کے رویوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، کیونکہ یہ ایک غیر منصفانہ نظام کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیا جائے۔ وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لاڈلے کو ہر جگہ پہ بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی عدالتی پھانسی کے باوجود پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے تشدد کا سہارا نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ اس فتنہ خان نے پاکستان کے نوجوانوں کو تشدد پر اکسایا اور قومی املاک کو نذر آتش کیا۔ قومی اسمبلی میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے پارلیمانی لیڈر ایم این اے خالد حسین مگسی نے کہا کہ موجودہ سیاسی بحران اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عقلی نقطہ نظر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد انتشار اور بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ اختیار کرے۔