ٹیکس

غیر رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان پر 4 فیصد فردر سیلز ٹیکس ختم کرنے کی تیاری

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں غیر رجسٹرڈ سیلز ٹیکس دہندگان پر عائد 4 فیصد فردر سیلز ٹیکس ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اس اقدام کے ذریعے کاروبار کی مکمل سپلائی چین کو رجسٹر کرنے کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ فردر سیلز ٹیکس کے خاتمے سے ایف بی آر کو وقتی نقصان ضرور ہو گا تاہم طویل المدتی بنیادوں پر اس اقدام کے نتیجے میں زیادہ ریونیو حاصل ہو گا کیونکہ اس سے مینوفیکچرنگ سے لے کر ریٹیل آئوٹ لیٹس تک پوری سپلائی چین کو دستاویزی نظام میں لایا جا سکے گا۔

یہی صورتحال درآمد کنندگان کے ساتھ بھی ہے جہاں درآمد شدہ اشیا ء کی بعد ازاں فروخت کا سلسلہ بھی سیلز ٹیکس رجسٹریشن سے باہر ہے۔غیر رجسٹرڈ سیلز ٹیکس دہندگان کو انکم ٹیکس کے نان فائلر کی طرز پر کاروبار کرنے کی اجازت حاصل ہے اور وہ زیادہ ودہولڈنگ ٹیکس یا سیلز ٹیکس کی مد میں فردر ٹیکس ادا کر کے لین دین جاری رکھتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق فردر سیلز ٹیکس کے خاتمے کے ذریعے وقتی طور پر محصولات میں کمی آئے گی مگر طویل مدت میں اس سے حاصل ہونے والا ریونیو کہیں زیادہ ہو گا۔