لاہور (رپورٹنگ آن لائن) ڈپٹی سپیکرپنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہا ہے بعض سیاسی جماعتیں اپنی کرپشن اور لوٹ مار کی داستانوں پردہ ڈالنے کے لیے حکومت اور پاکستان تحریکِ انصاف کے خلاف پراپیگنڈہ کر رہی ہیں مگر وہ کبھی بھی پاکستان تحریکِ انصاف میں دراڑ ڈالنے میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں پوری جماعت متحد ہے اور پاکستان کی تعمیرو ترقی میں اپنی لیڈرشپ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے مزید کہا کہAPC کے نام پر مفاد پرستوں کا ٹولہ اکٹھا ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔
ان کا ایجنڈا پاکستان کی ترقی اور روشن مستقبل نہیں، ملکی مفاد اور ترقی نہیں،بلکہ اپنی کرپشن اور لوٹ مار کو چھپانا اور اپنی لوٹی ہوئی دولت کو بچانا ہے۔ڈپٹی سپیکر نے مزید کہا کہ APC باتیں کرنے والے اقتدار کے بھوکے لوگ ہیں اور اقتدار کے حصول کے لیے یہ کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں ، چاہے اس سے ملک میں انتشار پھیلے یا ملکی مفاد کو نقصان پہنچے لیکن اب ان کو یہ بات واضح کر لینی چاہیے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت کسی پراپیگنڈہ سے بلیک میل نہیں ہوگی۔
غیر جمہوری سوچ رکھنے والی جماعتوں کا یہ اتحاد حکومت کے لیے پانی کا بلبلہ ہے۔ ان جماعتوں کا آپس میں اتحاد بنے یا نہ بنے، اس سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کا مقصد فراموش نہیں کیا جائے گا اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔