خواجہ محمد آصف

غیریقینی حالات کے باوجود وفاقی حکومت مدت پوری کریگی، خواجہ محمد آصف

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ غیریقینی حالات کے باوجود وفاقی حکومت مدت پوری کرے گی جنہوں نے عمران خان کو 2022 تک حکومت کرانی تھی وہ تو خود چلے گئے ہیں، عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کے فورا بعد الیکشن کرا لیتے تو اچھا ہوتا، معاشی ایمرجنسی کی خبروں میں صداقت نہیں، آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کیں، صورتحال کو قابو کرلیں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان 18ماہ سے پویلین میں نہیں گئے، پچ پر لیٹے ہوئے ہیں، کبھی امپائر کی خوشامد کرتے ہیں اور کبھی گالی دیتے ہیں، اگر پنجاب میں کوئی آئینی مسئلہ پیدا ہوگیا ہے تو عمران خیبر پختونخوا اسمبلی کیوں نہیں توڑتے؟۔

انہوں نے کہاکہ غیر یقینی حالات کے باوجود وفاقی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، جنہوں نے عمران خان کو 2022 تک حکومت کرانی تھی، وہ تو خود ہی چلے گئے ہیں، عمران وہ شخص ہیں جنہوں نے ملک ریاض کو 190ملین پائونڈ دے دیئے اور 5ایکڑ زمین لے لی۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کے فورا بعد الیکشن کرا لیتے تو اچھا ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ معاشی ایمرجنسی کی خبروں میں صداقت نہیں، ہم نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کیں، ہم صورتحال کو قابو کرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایل سیز کھولنے کیلئے پیسے نہیں ہیں، آج پاکستان کا ایل سیز کا ریٹ جتنا ہے اتنا کبھی سنا بھی نہیں تھا، اسحاق ڈار نے لاکھ، ڈیڑھ لاکھ کی زیادہ تر ایل سیز کھول دیں، معاشی امور چلانے کے اسٹائل کو تبدیل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے استعفے منظور ہونے چاہئیں، ان کو الیکشن لڑنے دیں اور ان کیخلاف الیکشن نہ لڑیں، میری رائے تھی کہ عمران خان کو ہٹانے کے بعد الیکشن کروائے جائیں، ہمارا پولیٹیکل کیپٹل محفوظ تھا، 5سال کیلئے آسکتے تھے، ہمارے پولیٹیکل کیپٹل کا نقصان ہوا، یہ ریکور ہوگا، ہمیں پتہ ہے 2018 میں ہمارے ساتھ کہاں ہاتھ ہوا اور ہم نے اپنے ساتھ کہاں ہاتھ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 8مہینے میں ہم نے کسی کو گرفتار نہیں کیا، کسی کے خلاف مقدمہ نہیں کیا، لوگ کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کیخلاف کارروائی کیوں نہیں کررہے، عمران خان اتنا گندا ہوسکتا کہ اس کو ڈرائی کلین بھی نہ کیا جاسکے۔