پرویز الٰہی

غیرقانونی بھرتی کیس،پرویز الٰہی کی حاضری معافی کی درخواست منظور، سماعت 6نومبر تک ملتوی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔

اینٹی کرپشن عدالت کے جج جاوید اقبال وڑائچ نے چودھری پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت کی، سابق پرنسپل سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی سمیت دیگر ملزمان نے عدالت پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔دوران سماعت سابق وزیراعلی پنجاب کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔شریک ملزم مختار رانجھا کے وکیل نے بریت کی درخواست پر دلائل مکمل کر لئے، عدالت نے آئندہ سماعت پر دیگر ملزمان کو بریت کی درخواستوں پر دلائل کے لئے طلب کر لیا۔

یاد رہے کہ ملزم اعجاز، زوہیب الحسن ، حیدر شفقات، مختار رانجھا نے بریت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔پراسیکیوشن نے بتایا کہ عدالت نے عنایت اللہ لک اور رائے ممتاز سمیت تین ملزمان کو اشتہاری قرار دیا تھا، عدالت نے آئندہ سماعت پر اشتہاری ملزمان کا ریکارڈ پراسیکیوشن سے طلب کرتے ہوئے سماعت 6نومبر تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ اینٹی کرپشن نے مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کرا رکھا ہے۔