اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی نے غیراخلاقی اورفحش مواد دکھانے پر بیگو ایپ بلاک کردی ہے جبکہ ٹک ٹاک کو بھی غیراخلاقی مواد ہٹانے کے لئے آخری وارننگ دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے حکام نے کہاہے کہ ٹک ٹاک اور بیگو پر نازیبا اور غیراخلاقی مواد کی شکایتیں تھیں، نازیبا اور غیراخلاقی مواد سے معاشرے اور نوجوانوں پر منفی اثرات پڑرہے تھے۔
پاکستان ٹیلی کمیونکیشن نے سوشل میڈیا کمپنیز کو نازیبا اخلاق سے متعلق نوٹسز جاری کیے گئے تھے، دونوں کمپنیز کو نوٹس میں نازیبا مواد ہٹانے کی یاد دہانی کرائی گئی تھی جس پر سوشل میڈیا کمپنیوں نے شکایات کے ازالے کےلیے اطمینان بخش اقدامات نہیں کیے۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک، بیگو نے غیر اخلاقی، نازیبا مواد نہیں ہٹائے جس کے بعد ملکی قوانین کے تحت بیگو ایپ بلاک کردی گئی ہے جبکہ غیراخلاقی نازیبا مواد پر ٹک ٹاک کو حتمی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔