مقبوضہ غزہ(رپورٹنگ آن لائن)غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی تباہ کن جنگ اپنے نویں مہینے میں داخل ہو رہی ہے اور اس کے باوجود دھماکوں اور میزائلوں کی آوازیں کم نہیں ہو رہیں۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی پر بمباری مسلسل جاری ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں میں کم از کم 87 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ طبی ماہرین نے بتایا کہ وسطی غزہ کی پٹی میں نصیرات پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر پر فضائی حملے میں تین مقامی صحافیوں سمیت دس افراد شہید ہوگئے۔
حماس کے میڈیا دفتر کے مطابق ایک چوتھا صحافی پٹی کے شمال میں غزہ شہر میں جاں بحق ہوا۔نصیرات سے تعلق رکھنے والے نوجوان محمد ابو مراحیل کا کہنا تھا کہ ہم اپنے گھروں میں سو رہے تھے کہ اچانک حملہ ہوا اور سارا ملبہ ہمارے اوپر گرا۔
فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی نے اعلان کیا کہ اس کے دو ملازمین البریج کیمپ میں مارے گئے ہیں۔ یہ جارحیت اس وقت کی گئی ہے جب حماس غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے لیے نئے خیالات پر اسرائیل کی طرف سے جواب کا انتظار کر رہی ہے۔