پیرس(رپورٹنگ آن لائن)غزہ کے ایک ہسپتال میں ڈاکٹروں نے اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے کی وجہ سے جان کی بازی ہارنے والی ایک حاملہ خاتون کے رحم میں موجود بچے کو بچا لیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق غزہ ہسپتال کے سرجن اکرم حسین نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ علا عدنان حرب الرد جب العود ہسپتال پہنچیں تو وہ تقریبا مر چکی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر وں کی ٹیم ماں کو بچانے میں تو ناکام رہے تاہم جب انہوں نے الٹرا سانڈ کیا تو انہیں بچے کی دل کی دھڑکن محسوس ہوئی تو انہوں نے فوری طور پر آپریشن کیا اور بچے کو نکالا۔
ہسپتال کے شعبہ گائنالوجی کے سربراہ رائد السعودی نے کہا کہ ابتدائی طور پر نومولود کی حالت تشویشناک تھی تاہم آکسیجن اور طبی امداد ملنے کے بعد اس کی حالت مستحکم ہو گئی۔بچے کو انکیوبیٹر میں رکھا گیا اور بعد میں دیر البلح کے الاقصی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔