امریکی عہدے

غزہ میں فوجی تعینات نہیں کریں گے،امریکہ کااعلان

واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن)ایک اعلی امریکی عہدے دار نے واضح کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں امریکی فوجی تعینات نہیں کیے جائیں گے۔عرب ٹی وی سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ہمارے فوجی غزہ میں داخل نہیں ہوں گے، بلکہ وہاں ایک بین الاقوامی استحکام کی فورس تعینات ہو گی۔

عہدے دار کے مطابق اس فورس کا کام ایک Civil-Military Coordination Center قائم کرنا ہو گا۔ یہ مرکز انسانی امداد کی تنظیم، سلامتی میں معاونت اور جنگ بندی کے نفاذ کی نگرانی کرے گا۔مرکز میں ان تمام ممالک کے نمائندے شامل ہوں گے جو بین الاقوامی استحکام فورس میں حصہ لیں گے۔ ساتھ ہی زمینی سطح پر سرگرم یا آئندہ شامل ہونے والی غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔

عہدے دار کے مطابق اس مرکز میں نجی شعبے کے نمائندے بھی شامل ہوں گے اور مقصد صرف ایک ہے یعنی غزہ کے عوام کی مدد کرنا۔انھوں نے کہا کہ کام کی ہم آہنگی نہ ہونے کی صورت میں معاملات افراتفری میں بدل سکتے ہیں اور نقصان کا باعث بن سکتے ہیں۔امریکی عہدے دار نے مزید بتایا کہ یہ مرکز غزہ میں شہری حکومت کے قیام میں مدد دے گا اور جلد از جلد نتائج حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ جنگ بندی کے نفاذ کے لیے حماس کا غیر مسلح کیا جانا ضروری ہے اور تمام فریق اس عمل کو یقینی بنائیں گے۔ان کے مطابق اس مشن کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں، مقصد صرف یہ ہے کہ غزہ کو شہری حکمرانی کے تحت لایا جائے اور امریکا کا کردار صرف رابطے اور ہم آہنگی تک محدود ہو گا۔