لاہور (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے یونیورسٹی آف لاہور میں فلسطینی طلباء کی گریجویشن تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر سپیکر مک محمد احمد خان نے 27 فلسطینی طلباء کو بیچلر آف ڈینٹسٹری کی ڈگری مکمل کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے ان کی ہمت، استقامت اور لگن کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی طلباء کی تعلیم پاکستانی قوم کی انسانیت سے وابستگی کا مظہر ہے۔
پاکستان نے فلسطینی طلباء کے لیے تعلیمی دروازے کھول کر بھائی چارے کی ایک منفرد مثال قائم کی ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے غزہ سے آئے طلباء کو مفت تعلیم دینے کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہاکہ غزہ میں جاری ظلم و ستم پر میرے پاس الفاظ نہیں۔
جب فلسطین کی بات آتی ہے تو دنیا اندھی ہو جاتی ہے۔ غزہ کو کنکریٹ کا ڈھیر بنا دیا گیا، ہسپتال تباہ ہو چکے ہیں اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے، تاریخ اس کی گواہ ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے واقعہ کربلا کو یاد کرتے ہوئے کہاکہ جیسے کربلا میں بچوں کو شہید کیا گیا، آج وہی کچھ غزہ میں ہو رہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فلسطینی نوجوان ڈاکٹرز کے لیے ہاؤس جاب اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔
اس سلسلے میں انہوں نے وزیر صحت سے خصوصی اپیل بھی کی۔ مزید برآں، سپیکر ملک محمد احمد خان نے اعلان کیا کہ ان فلسطینی طلباء کو پنجاب اسمبلی اجلاس میں مدعو کیا جائے گا تاکہ ان کی کاوشوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔ریاست پاکستان کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے عالمی برادری پر دباؤ ڈالنا چاہیے۔ اگر دنیا میں شہریوں کی جانوں کی اہمیت ہے، تو فلسطینی عوام بھی اسی اہمیت کے حقدار ہیں۔
سپیکر ملک محمد احمد خان نے مسئلہ کشمیر کو بھی فلسطین سے مماثل قرار دیا۔تقریب میں چیئرمین اویس رؤوف، ڈپٹی چیئرمین ازیر رؤوف، سفیرِ فلسطین ڈاکٹر زُہار زاہد، وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، وزیر اسپیشلائزڈ ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق، ریکٹر ڈاکٹر محمد اشرف، اور الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن سمیت متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی۔