رام اللہ(رپورٹنگ آن لائن)فلسطین میں غزہ کی وزارتِ صحت نے کہا کہ علاقے میں اسرائیل اور حماس کی جنگ میں 40ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق غزہ میں وزارت نے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت میں 92,401 افراد زخمی بھی ہوئے اور 85 فیصد سے زیادہ آبادی گھروں سے بے گھر ہو گئی ہے۔ ان اعداد و شمار میں عام شہریوں اور مزاحمت کاروں میں فرق نہیں کیا گیا۔بین الاقوامی ثالثین دس ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری جنگ کو روکنے کے لیے مزید زور لگا رہے ہیں جس کے دوران ہلاکتوں کی تعداد کا یہ اعلان سامنے آیا۔
غزہ میں صحت کے حکام کو ہلاک شدگان کی مکمل شناخت کے لیے جدوجہد کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ لاشیں بھرے ہسپتالوں اور مردہ خانوں میں آتی ہیں جہاں وہ کہتے ہیں کہ جنگ اور نقلِ مکانی کی افراتفری کے درمیان اعداد و شمار مرتب کیے جاتے ہیں۔تازہ ترین تفصیلی رپورٹ میں وزارت نے کہا کہ 40,005 لوگ شہید ہو چکے ہیں۔ صحت کے حکام اور شہری دفاع کے کارکنان کہتے ہیں کہ اصل تعداد دیئے گئے اعداد سے ہزاروں کے حساب سے زیادہ ہونے کا امکان ہے کیونکہ فضائی حملوں میں تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے بدستور کئی لاشیں دبی ہوئی ہیں۔