محمد جاوید قصوری 241

غریب طبقہ زندہ درگور ،تبدیلی تباہی بن کر مسلط ہو چکی ہے: محمد جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے حکمرانوں کے تمام دعوے محض ڈنگ ٹپاﺅ کے سوا کچھ نہیں۔

حکومت کی ناکام پالیسیوں کی بدولت مسلسل لاک ڈاﺅن اور مہنگائی کی شرح میں ہوشر با اضافے سے متوسط طبقہ بھی محتاجی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے جبکہ غریب زندہ درگور ہوگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے ، پی آئی اے ،سٹیل ملز سمیت تما م منافع بخش ادارے اس وقت شدید خسارے میں جاچکے ہیں ۔

ہر دورحکومت میں ان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جاتا رہا ہے ۔ حکمران اپنی کرپشن اورنااہلی چھپانے کے لیے اداروںکی نجکاری کرناچاہتے ہیں اس سے لاکھوں افراد بے روزگارہو جائیں گے ۔ پنجاب سمیت ملک بھر میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کی نااہلی سے فارماسیوٹیکل اور ڈرگ مافیا نے ادویات کی قیمتوں میں400فیصد تک ہوشر با اضافہ کردیا ہے۔ شوگر، ملیریا، جگر، دل کے امراض ، پھیپھڑوں او ر دیگر زندگی بچانے والی ادویات اور انجکشن کی مصنوعی قلت پیدا کرکے بلیک میں کئی گنا زیادہ قیمت پر فروخت کئے جارہے ہیں۔ چیک اینڈ بیلنس کا سارا نظام ہی مفلوج ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک وقوم کو بہت مایوس کیا ہے ۔

ان میں کسی قسم کا کوئی وژن نہیں ۔عوام کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ حکمرانوں کی ساری توجہ صرف اورصرف اپوزیشن کو دیوار سے لگانے پر مزکورہو چکی ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اہم اداروں کواونے پونے فروخت کرنے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں ۔ لوٹ مار کرنے والا مافیااسمبلیوں اورکا بینہ میں بیٹھا ہے۔

حکمران اگراداروں کو چلا نہیں سکتے تو انہیں برسراقتدار رہنے کا بھی کوئی حق نہیں ہے ۔ تبدیلی کا کھوکھلا نعرہ عوام کے لئے تباہی کا باعث بن چکا ہے۔ ملک و قوم کو درپیش مسائل سے نجات دہندہ صرف جماعت اسلامی ہے۔ ملکی حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جارہے ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں