یاسمین راشد

غذائی قلت اور ماں کے دودھ کو فروغ دینا موجودہ حکومت کا اولین ترجیحی ایجنڈا ہے’یاسمین راشد

لاہور (ر پورٹنگ آن لائن) پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ملٹی سیکٹورل نیوٹریشن سینٹر (ایم ایس این سی)کا حکومت پنجاب کے ترقیاتی شراکت داروں کے باہمی اشتراک سے عالمی سطح پر ماں کا دودھ پلانے کی افادیت سے متعلق آگاہی کا ہفتہ منانے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ حکومت اور ترقیاتی شراکت داروں کے ذریعہ 120 سے زائد ممالک میں ہر سال دودھ پلانیکی افادیت کا ہفتہ منایا جاتا ہے۔ اس سال دودھ پلانے والے ہفتہ کا موضوع ” صحت مند سیارے کے لئے ماں کا دودھ پلانے کی اہمیت” ہے۔

مذکورہ موضوع کا مقصد نہ صرف خواتین کو دودھ پلانے کے ہنرمند مشورے تک رسائی اور ان کو فروغ دینے پر مرکوز ہے بلکہ کوویڈ 19 مرض کے دوران دودھ پلانے کی اہمیت پر عوام کو حساس بنانا ہے۔تقریب کی صدارت وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کی جبکہ ممبر ہیلتھ نیوٹریشن اینڈ پاپولیشن پی اینڈ ڈی ڈاکٹر سہیل ثقلین وزارت منصوبہ بندی کمیشن کے سینئر نمائندگان، ڈبلیو ایچ او، یونیسف، یو این ایف پی اے، ڈیفڈ ، ایس یو این، این آئی سمیت تمام اہم اسٹیک ہولڈرز بھرپور شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ دودھ پلانے کے کثیرالفعال طے کرنے والوں کو مختلف محکموں میں مختلف سطحوں پر معاون اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے۔ دودھ پلانا صرف ماں کی ذمہ داری نہیں ہے ، یہ خاندان ، معاشرے اور حکومت کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ دودھ پلانے والی ماں کو مواقع اور ماحول فراہم کریں۔ غذائی قلت اور ماں کے دودھ کو فروغ دینا موجودہ حکومت کا اولین ترجیحی ایجنڈا ہے۔

میں اس بات پر یقین رکھتی ہوں کہ ایسی موثر پالیسیوں، حکمت عملیوں اور منصوبوں پر کام کیا جائے جس سے عوام کو فائدہ ہو۔ انہوں نے نئے وژن کے ساتھ ملٹی سیکٹورل نیوٹریشن سنٹر (ایم ایس این سی) کے قیام اور اس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے پر چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ حامد یعقوب شیخ کی قیادت اور عزم کی تعریف کی۔ ممبر ہیلتھ نیوٹریشن اینڈ پاپولیشن پی اینڈ ڈی ڈاکٹر سہیل ثقلین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا ہدف پائیدار ترقیاتی اہداف خاص طور پر 2030 تک ہر قسم کی غذائیت کی کمی کے خاتمے پر ہے۔

یہ ہدف صرف تب ہی حاصل کیا جاسکتا ہے جب کوئی بچہ،عورت یا مرد پیچھے اس سے پیچھے نہ رہے جبکہ حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ماں کے دودھ کی افادیت کے بارے میں عوام، خاندانوں، برادریوں، صحت کی دیکھ بھال کرنے والوں، پالیسی سازوں اور عام لوگوں کو آگاہی کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ حامد یعقوب شیخ اورسکریٹری پی اینڈ ڈی بورڈ عمران سکندر بلوچ کو پروگرام کی تبدیلی اور نئے روڈ میپ کو ترتیب دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ایم ایس این سی کے لئے اسٹریٹجک سمتوں کو درست کرنے میں مدد ملے گی۔تقریب میں ماں کا دودھ پلانے کی حوصلہ افزائی، اس کی ترویج اور حمایت کرنے کے لئے عالمی ، قومی اور صوبائی عزم کی نشاندہی بھی کی گئی۔