کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عید کے اجتماعات میں عوام کو بہت احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔’صوبائی وزرا اورمنتخب نمائندوں کو وزیراعلی نے اپنے علاقوں میں جانے سے روک دیا ہے، جوجہاں ہیں وہیں رہیں گے’۔
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا وائرس ٹاسک فورس کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ عیدالفطر کی تعطیلات میں بھی کورونا ویکسینیشن سینٹرز کھلے رکھے جائیں گے جبکہ برآمدات پر مبنی صنعتی یونٹس بھی عید کی چھٹیوں میں کام کرتے رہیں گے۔اجلاس میں صوبائی وزرا ڈاکٹر عذرا پیچوہو، سعید غنی، ناصر حسین شاہ، مرتضی وہاب، چیف سیکریٹریز، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، پرنسپل سیکریٹری اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کوویڈ کی پہلی لہر میں 11 جون 2020 کو سب سے زائد 3 ہزار 38 کیسز سامنے آئے تھے اور دوسری لہر میں 10 دسمبر 2020 کو سب سے زائد 1983 کیسز سامنے آئے تھے۔
بتایا گیا کہ 29 اپریل کو کورونا کی تیسری لہر میں سب سے زیادہ ایک ہزار 64 کیسز رپورٹ ہوئے۔اس موقع پر وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایکسپو سینٹر میں ہال لیکر وہاں 50 ہزار ویکسینیشن کی گنجائش بنائی جائے۔صوبے میں گزشتہ روز لگائے گئے لاک ڈاؤن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ‘تاجروں اور عوام کا شکرگزار ہوں کہ وہ اس صورتحال میں تعاون کر رہے ہیں، یہ مشکل فیصلہ تھا لیکن ہم نے عوام کے تحفظ کی خاطر کیا’۔انہوں نے کہا کہ ‘گزشتہ روز کورونا کی وجہ سے 16 اموات ہوئیں، اگر 3 سے 9 مئی کے درمیان کورونا کیسز کا ڈیٹا دیکھا جائے تو کراچی میں 9.48 فیصد کیسز آرہے ہیں، حیدرآباد میں 11.81 فیصد اور سکھر میں 5.92 فیصد ہے جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں 3.92 فیصد کیسز سامنے آرہے ہیں’۔اجلاس کے بعد صوبائی ورزا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عید اجتماعات میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے، وزرا اورمنتخب نمائندوں کو وزیراعلی نے اپنے علاقوں میں جانے سے روک دیا ہے، جوجہاں ہیں وہیں رہیں گے’۔
انہوں نے بتایا کہ ‘ویکسین کی فی الوقت 25 ہزارکی صلاحیت ہے اور اس کوروزانہ ایک لاکھ تک کیا جائے گا’۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ‘لوگ ویکسین لگوائیں، خود بھی محفوظ رہیں اپنے گھر والوں کو بھی محفوظ بنائیں’۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ‘آکسیجن کی کمی کوکم کرنے کے لیے اہم ہسپتالوں میں پلانٹ لگارہے ہیں’۔انہوں نے بتایا کہ ‘کراچی، سکھر، جامشورو اور لاڑکانہ میں پلانٹ لگائیں گے’۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ‘عید کے دنوں میں سی ویوسمیت عوام کسی تفریحی مقام کارخ نہ کریں سخت فیصلے عوام کی بھلائی کے لیے کررہے ہیں’۔انہوںنے کہا کہ ‘اس عید پر چھٹیاں زیادہ دی گئی ہیں، ہمیں گزشتہ سال کی طرح نہیں کرنا، گزشتہ سال عید کے بعد زیادہ کیسز آگئے تھے’۔