محمد جاوید قصوری 46

عید کی آمد اور ٹرانسپورٹروں کا کرایوں میںاضافہ ظلم ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ عید الفطر کی آمد کے ساتھ ہی ٹرانسپورٹروں کی جانب سے کرایوں میں ہوشربا اضافہ ظلم کی انتہا ہے، جس نے پردیسی اور عام شہریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ وہ مختلف تقریبات سے خطاب کر رہے تھے جہاں انہوں نے مہنگائی، بڑھتے ہوئے قرضوں اور حکومتی پالیسیوں پر شدید تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ایران جنگ اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، جبکہ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ عید جیسے خوشی کے موقع پر عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان پر مزید بوجھ ڈالنا انتہائی افسوسناک ہے۔

پردیسی افراد جو اپنے گھروں کو لوٹنا چاہتے ہیں، مہنگے کرایوں کے باعث شدید پریشانی کا شکار ہیں۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو سہولیات فراہم کرے اور مہنگائی کے طوفان سے بچائے، مگر موجودہ حکمرانوں نے عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے۔ کسی بھی قسم کا معاشی دباؤ حکمرانوں اور اشرافیہ کو برداشت کرنا چاہیے، نہ کہ پہلے سے مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کے پہلے 23 مہینوں کے دوران قرضوں میں 14 ہزار 512 ارب روپے کا خطرناک اضافہ ہوا،

جو کہ مارچ 2024 سے جنوری 2026 کے عرصے میں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے قرضوں کے پہاڑ کھڑے کر دیئے ہیں اور ہر پاکستانی تقریباً ساڑھے تین لاکھ روپے کا مقروض ہو چکا ہے، جو کہ انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کروائے، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات کرے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔ اگر عوامی مسائل کو نظر انداز کیا گیا تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں