لاہور ( رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ مفت آٹاکی تقسیم کے ناقص طریقہ کار اور بھگڈر کی بدولت اب تک درجنوں افراد جان بحق ہو چکے ہیں جبکہ حکومت اور متعلقہ ادارے مسلسل بے حسی کا مظاہر ہ کر رہے ہیں، حکمرانوں نے عوام کو بھکاری بنا کر رکھ دیا ہے، ڈنگ ٹپائو پالیسیاں ناکام طرز حکمرانی کی واضح مثال ہے ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف مفت آٹا اسکیم میں کرپشن کی خبریں میڈیا کی زینت بن رہی ہیں، جبکہ دوسری جانب ناقص آٹا کی فراہمی کی جا رہی ہے جس سے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ ایک غیر سرکاری سروے کے مطابق 91فیصد پاکستانی پریشان حال ہیں اور ان کے لئے ماہانہ بجٹ میں گزارا کرنا دشوار ترین مرحلہ بن چکا ہے ۔کوئی پرسان حال نہیں ہے مہنگائی نے عوام کو کچومر نکال دیا ہے ۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دنوں نے ہی عوام کے ساتھ جھوٹ بولا اور قوم کو گمراہ کیا ۔
آئی ایم ایف کے اشاروں پر ناچنے والے کبھی عوام کو ریلیف فراہم نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش پالیسیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں ناکام ریاست کے طور پر پہچان بنارہا ہے ۔ وقت کا تقاضا ہے کہ آپسی اختلافات بھلا کر ریاست کو بچایا جائے ۔ورنہ نتائج سنگین ہو سکتے ہیں۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عید سے قبل ٹرانسپورٹروں نے از خود کرایوں میں ہوشر با اضافہ کر دیا ہے جس سے دوسرے شہروں کو جانے والے پردیسیوں کی مشکلات بڑھ گئیں ہیں۔کرایوں میں اضافے کے حوالے سے چیک اینڈ بیلنس کو یقینی بنایا جائے ۔