لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے عید الفطر کے موقع پر کینسرکے مرض میں مبتلا10سالہ بچے کی دلی خواہش پوری کر دی اور جنرل ہسپتال میں زیر علاج سکندر سے عید کا کیک کٹوایا جہا ں اُس بچے کے اہل خانہ اور دیگر عزیز و اقارب کے چہروں پر مسکراہٹ پھیل گئی۔
انہوں نے معالجین اور ہسپتال انتظامیہ کو خصوصی دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ یہ اُن کی بہت بڑی حوصلہ افزائی ہے جس پر وہ پرنسپل اور ڈاکٹرز کے مشکور ہیں۔اس موقع پر پروفیسر آغاشبیر علی،پروفیسر محمد شاہد، ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق،ڈاکٹر عبدالعزیز،ڈاکٹر محمود سبحانی و دیگر بھی موجود تھے۔یہ10سالہ سکندر جنرل ہسپتال کے بچہ وارڈ میں سرطان کے مرض کا مقابلہ کر رہا ہے جہاں اُس نے عید پر کیک کاٹنے کی فرمائش کی اور پرنسپل پروفیسرسردار الفرید ظفرنے اپنی موجودگی میں کیک منگوا کر کٹوایا اور وہاں موجود بچوں میں تقسیم کیا۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ عید کی خوشیوں اور مسرتوں میں دوسروں کو شریک کرنا ہی اصل خوش نصیبی ہے اور بالخصوص ڈاکٹر حضرات جو انسانیت کے مسیحا ہیں اُن کا کام ہی دوسروں کو راحت پہنچانااور اُن کی تکالیف کو دور کرناہی اُن کے مشن کا تقاضا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید الفطر رمضان المبارک میں ملنے والے درس پر عمل کرنے کا نام ہے جو ہمیں بھوک اور پیاس میں رہ کر دوسروں کی مشکلات کا احساس دلاتا ہے۔پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ یہ ایک بچے کی دل جوئی کے علاوہ مجموعی طور پر ہم سب کے لئے پیغام ہیں کہ ہم لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیریں اور اُن سے دعائیں لے کر اپنے لیے بھی بہتری کا سامنا کریں۔