مکوآنہ (رپورٹنگ آن لائن)عید سے قبل مہنگائی کی پھر سے اونچی اڑان، عید الاضحٰی سے قبل رواں ہفتے کے دوران ٹماٹر، آلو اور پیاز کی قیمتوں میں 17 فیصد تک اضافہ ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق عیدالاضحیٰ اور بجٹ قریب آتے ہی فیصل آباد سمیت ملک بھر میں اشیا خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔ ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 16.94 فیصد، آلو 11.52 فیصد، پیاز 5.21 فیصد، کیلے1.57 فیصد اورانڈوں کی قیمت میں 1.34 فیصد کا اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں چینی کی قیمت میں 1.24 فیصد اور ٹوٹا چاول کی قیمتوں میں 1.02 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، اس کے علاوہ پیٹرول، تازہ دودھ، آٹا، دالیں اور گُڑ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں چکن کی قیمت میں 11.22 فیصد اور لہسن کی قیمت میں 3.71 فیصد کمی واقع ہوئی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گھی، کوکنگ آئل اور ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی، ایک ہفتے کے دوران 18 اشیائیضروریہ مہنگی اور 6 کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے27 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ ہفتہ واربنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.02 فیصدکا اضافہ رپورٹ ہوا۔