مصطفی کمال

عوام کے نام پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہو رہی ہے، مصطفی کمال

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ عوام کے نام پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی جا رہی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ حکمران حکومت بچانے اور اپوزیشن والے حکومت گرانے میں مصروف ہیں، حکومت بچانے، گرانے کے چکر میں عوام پس رہے ہیں۔

مصطفی کمال نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی عوام کی ترجمانی کررہی ہے، ہم نےآج تک یو ٹرن نہیں لیا، جھوٹ بولنے والوں کو یو ٹرن لینا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کل کاجلسہ تاریخی اور عوام کے لیے امید کی کرن ہوگا، ہم لوگوں کو آپس میں جوڑنے کی بات کرتے ہیں۔ آج ملک میں ہر طرف مایوسی ہے۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی اور سیاسی شہ رگ ہے، کراچی کی تباہی کے ذمہ داروں کا نام کل کے جلسے میں لیا جائے گا۔

مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ آج سے پہلے پاکستان میں ایسی تباہی اور مایوسی نہیں دیکھی، کل کراچی والے بتائیں گے کہ کون عوام کی صحیح نمائندگی کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جو لائحہ عمل دیا ہے وہ پاکستان کی فلاح و بہبود کا راستہ ہے۔