شیخ وقاص اکرم

عوام کے حق کی بات کرنے پر حکمرانوں کو تکلیف ہوتی ہے، شیخ وقاص اکرم

پشاور (رپورٹنگ آن لائن) سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ عوام کے حق کی بات کرنے پر حکمرانوں کو تکلیف ہوتی ہے، قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی تو ملک آگے نہیں جاسکتا، پنجاب کی پرفارمنس زیرو ،کرپشن روکی نہیں جا سکی،صوبائی حکومت کیخلاف وائٹ پیپر جاری کریں گے ۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین کانفرنس کو روکنے کی کوشش کی گئی، ہوٹل انتظامیہ کو دھمکیاں دی گئیں،ہوٹل میں ہونے والی کانفرنس کو روکنا بیہودہ عمل ہے،ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا ہمارا حق ہے، اس صوبے کے لوگوں کی آواز کو دبایا جارہا ہے، آئین ہمیں اجازت دیتا ہے کہ ہم حق کی بات کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام اپنے حق کی بات کرتے ہیں تو ان لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی تو یہ ملک آگے نہیں جاسکتا، جب آپ چیزوں کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں تو ردعمل شدید آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیکا قانون کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں پتا کہ اس حکومت کے مشیر کون ہیں؟ حکومت نے آوازیں دبانے کی ایک ناکام کوشش کی، ملک بھر میں ایسی کانفرنسز ہوں گی، حکومت روک سکتی ہے تو روک کر دکھائے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب آئی ایم ایف کے اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہوا، پنجاب میں کرپشن روکی نہیں جا سکی، پنجاب کی پرفارمنس زیرو ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب قرض پر چلنے والا صوبہ ہے، پنجاب میں ایک ارب 70کروڑ میں ہارس اینڈ کیٹل شو ہوا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں صحت کے کئی منصوبے شروع کیے تھے، پی ٹی آئی پنجاب حکومت سے متعلق وائٹ پیپر جاری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بہت سے کارکن ابھی تک جیلوں میں ہیں، گرفتار کارکنوں کو اس لئے تنگ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ آئندہ احتجاج نہ کریں۔