ہمایوں اختر خان 39

عوام کی محرومیوں کا خاتمہ جدوجہد کا اصل محور ہے’ ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/تاندلیانوالہ ( رپورٹنگ آن لائن) سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ عوام کی محرومیوں کا خاتمہ اور انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی جدوجہد کا اصل محور ہے ،ہمار اعزم ہے کہ حلقے کی تعمیر و ترقی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور اس کے لئے ذاتی وسائل کے ساتھ سرکاری وسائل کے حصول کیلئے بھی کاوشیں کی گئی ہیں جس میں کامیاب بھی رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے حلقہ این اے97کے عمائدین اور عوام کے اعزاز میں دئیے گئے افطار پارٹی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ عوام نے حلقے کے دیرینہ مسائل کے حل ، تعمیر و ترقی کے منصوبوںکیلئے عملی جدوجہد اور بلا تفریق ہر کسی کی غمی خوشی میں شریک ہونے پر ہمایوں اختر خان سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہاکہ جو لوگ اس حلقے کی نمائندگی انگریزوں کے زمانے سے کر رہے ہیں ان سے سوال کیا جائے کہ تاندلیانوالہ کیسے پنجاب کی پسماندہ ترین تحصیل بنی اور یہ لوگ دہائیوں سے اقتدار میں بیٹھ کے کیا کر رہے ہیں؟۔میں نے جب اس حلقے میں سیاست کا آغاز کیا تھا تو ایک وعدہ کیا تھا کہ اب میری باقی ماندہ سیاست اسی حلقے میں ہو گی اور میں نے آج تک اپنی بات پر پہرہ دیا ہے اور ان شا اللہ آئندہ بھی اس پر قائم رہوں گا۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حلقے میں مسائل کے انبار ہیں ، ہر جگہ پسماندگی اورمحرومیوں کے ڈیرے ہیں لیکن اس کے باوجود ہم ہرگز مایوس نہیں ہیں اور پہلے دن سے مسائل کے حل اور محرومیوں کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں۔ حلقے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کا منصوبہ شروع کیا ہے ،مریدوالا انٹر چینچ کی منظوری لی گئی ہے ،مختلف چکوک میں مرکزی اور رابطہ سڑکوں کی تعمیر شروع کرائی گئی ہے ،سیم نالے پر پل کو چوڑا کرنے کیلئے کوشش کا نتیجہ سامنے آیا ہے جس حکومت نے متعلقہ محکمے سے رپورٹ طلب کر لی ہے ، سوئی گیس کے حصول کیلئے متعلقہ وفاقی وزیر سے ملاقات کر کے پیشرفت کی یقین دہانی حاصل کی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں