لاہور ( رپورٹنگ آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کو پیٹرولیم قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے منفی اثرات سے بچانے کیلئے کاوشیں قابل تحسین ہیں ، عوام کی قوت خرید ختم ہونے سے چھوٹاکاروباری طبقہ بری طرح متاثر ہوا ہے اور دکانداروں کے پاس ماہانہ کرائے اور یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی کے لئے رقم نہیں ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں چھوٹے تاجر وںکا کوئی پرسان حال نہیں اس لئے حکومت سے مطالبہ ہے کہ انہیں بیل آئوٹ پیکج دے جس کے تحت یوٹیلٹی بلز میں رعایت کے ساتھ آسان شرائط پر بلا سود قرضے دئیے جائیں تاکہ تاجر اپنے کاروبار کو چلا سکیں ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا کو از سر نو مرتب کیا جائے کیونکہ حکومت پسے ہوئے طبقات کو مالی امداد کے لئے اسی ڈیٹا سے استفادہ کرتی ہے تاہم بڑی تعداد میں حقیقی ضرورتمند اس پروگرام میں شامل نہیں ۔









