آرمی چیف

عوام کیساتھ مل کر امن اور خوشحالی کا سفر جاری رکھیں گے،آرمی چیف

راولپنڈی /آواران (رپورٹنگ آن لائن) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ عوام کیساتھ مل کر امن اور خوشحالی کا سفرجاری رکھیں گے، زراعت ملکی ترقی میں اہمیت رکھتی ہے، پاک فوج گرین پاکستان انیشیٹو میں تعاون جاری رکھے گی،کسانوں کو آسان شرائط پر قرضے دیئے جائیں گے،کسانوں کو سولر ٹیوب ویلز اور زرعی ماہرین کی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی، کسانوں کو ملکی ترقی میں شراکت دار بنانے اور کاشتکاری کے لیے رہنمائی بھی دی جائے گی،بلوچستان کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے، بلوچستان کے بہادر لوگوں پر فخر ہے، یہ بہادر ہر مشکل میں ثابت قدمی سے ڈٹے رہے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ یہ بیان آرمی چیف نے بلوچستان کے ضلع آواران کا دورے کے دوران دیا جہاں ان کو سیکیورٹی کی صورتحال، صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی اور زراعت کی صلاحیت میں پاک فوج کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ان کی آمد پر کور کمانڈر بلوچستان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنے دورے میں شہدا کے خاندان، عمائدین اور کسانوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کی سیکیورٹی اور فلاح کے لیے فوج کی غیر متزلزل حمایت کی یقین دہانی کروائی اور شہدا کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا۔

بیان کے مطابق آواران کے عمائدین اور کسانوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے زراعت اور فوج کی گرین پاکستان انیشی ایٹو کی اہمیت کو اجاگر کیا، ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کو زراعت کرنے کے لیے آسان زراعتی قرض، بیج، کھاد، سولر ٹیوبز، ماہرین زراعت کی رہنمائی سمیت تمام زراعتی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں شراکت دار بن سکیں۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ بعد ازاں جنرل عاصم منیر نے کیڈیٹ کالج آواران کا افتتاح کیا اور وہاں کے فیکلٹی ممبران اور طالبعلوں سے بات چیت کی، انہوں نے بلوچستان میں ایک اور کیڈٹ کالج کی تعمیر کو سراہا ساتھ ہی انہوں نے پاکستانی افواج کی متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر بلوچستان میں ریلیف اور تعمیری سرگرمیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے، پاکستانی عوام کو بلوچستان کے ان بہادر لوگوں پر فخر ہے جو تمام مشکلات کے مقابلے میں ڈٹے رہے ہیں، پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امن اور خوشحالی کے لیے بلوچستان کے عوام کی حمایت میں اپنی خدمات پیش کرتے رہیں گے۔