گورنر پنجاب

عوام کو مہنگائی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، گورنر پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،ا نشا اللہ وزیراعظم عمران خان کا ریاست مدنیہ کا مشن ضرور کامیاب ہوگا، سیاسی مخالفین ہر اچھے کام میں رکاوٹیں ڈالنے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بزنس کیمونٹی سے جلال الدین رومی اور سید عظمت شاہ اور دیگر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کر پشن ظلم اور ناانصافی کے خاتمے کیلئے حکومت عملی اقدامات کررہی ہے، عوام کو مہنگائی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچانے کا کریڈٹ بھی وزیراعظم کو جاتا ہے، پاکستان کی معاشی میدان میں کامیابیوں کو آج تمام عالمی ادارے تسلیم کررہے ہیں، موجودہ حکومت چھوٹے کاروباری طبقے کیلئے آسانیاں پیدا کررہی ہے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مزید کہا ہے کہ حکومت کے سوشل پروٹیکشن پروگرام کے بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے، ہماری انڈسٹری، زراعت اور خدمات کے شعبے بہتر ہورہے ہیں۔