اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عوام کو آسان اور فوری انصاف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوامی شکایات کے مؤثر اور بروقت ازالے کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ترجمان وزارت قانون و انصاف کے مطابق انہوں نے یہ بات جمعہ کو نو تعینات شدہ وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں قانونی امور اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے نظام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر متبادل تنازعاتی حل (اے ڈی آر) اور ثالثی کے نظام کے فروغ کے لیے تکنیکی اور تربیتی معاونت فراہم کرنے کے امور بھی زیرِ غور آئے جبکہ تنازعات کے متبادل حل اور ثالثی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے تربیتی پروگرامز کے انعقاد پر بھی گفتگو کی گئی۔وفاقی وزیرِ قانون نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ عوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر رہا ہیاس لیے شکایات کے مؤثر اور بروقت ازالے کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ملاقات میں عوامی مسائل کے حل اور بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیاجبکہ وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزارتِ قانون و انصاف عوامی شکایات کے حل کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔









